1973ء کے آئین پر تمام مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے دستخط کئے ‘ اعتزاز احسن ،معلوم نہیں طالبان پاکستان کے آئین کو غیر اسلامی کیوں کہہ رہے ہیں ، مرکزی رہنما پیپلز پارٹی

ہفتہ 22 فروری 2014 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ معلوم نہیں کہ طالبان پاکستان کے آئین کو غیر اسلامی کیوں کہہ رہے ہیں ، پیپلز پارٹی کا واضح موقف سامنے آ چکا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ تحفظات کے باوجود پیپلز پارٹی حکومت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنی اور اے پی سی میں اسے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ اسلا م کے منافی کوئی قانون نہیں بنایاجاسکتالیکن طالبان کہتے کہ آئین اسلامی نہیں، جب 1973کا آئین بناتوجماعت اسلامی کے پروفیسر غفور احمد اور دوسری ساری مذہبی جماعتوں نے اس پر دستخط کیے تھے اور وزیر اعظم سمیت سب نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کیلئے لازم ہے کہ وہ آئین کے دائرے میں رہے اور جو بھی اقدامات اٹھائے جائیں وہ اسکے اندر رہتے ہوئے ہونے چاہئیں۔