ایم کیوایم کے تمام تنظیمی شعبہ جات ریلی کوکامیاب بنانے کیلئے بھرپور طریقے سے فعال ہوجائیں،الطاف حسین

ہفتہ 22 فروری 2014 17:23

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22فروری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام تنظیمی شعبہ جات سے کہاہے کہ وہ آج(اتوار)فوج ،رینجرزاورپولیس سے اظہاریکجہتی کے لئے ہونے والی ریلی کوکامیاب بنانے کیلئے بھرپور طریقے سے فعال ہوجائیں اوراپنی تمام ترتوانائیاں اس ریلی کو کامیاب اورتاریخ سازبنانے پرصرف کردیں۔ الطاف حسین نے یہ بات گزشتہ شب نائن زیروپر رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم کی مختلف تنظیمی کمیٹیوں اورشعبہ جات کے ارکان کے مشترکہ اجلاس سے فون پرخطاب کرتے ہوئے کہی۔

الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم نے ماضی میں بھی انتہائی مختصرنوٹس پر عظیم الشان عوامی اجتماعات منعقد کئے ہیں اورمجھے یقین ہے کہ عوام اورکارکنان اس مرتبہ بھی اپنے الطاف بھائی کومایوس نہیں کریں گے اوربھاری تعدادمیں اتوار کومسلح افواج، رینجرز،پیراملٹری فورسز،پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ یکجہتی کے لئے ہونے والی یکجہتی ریلی کوشاندارطریقے سے منعقد کرکے اوراس ریلی کوتاریخی بناکرثابت کردیں گے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری اس جنگ میں اپنی افواج، رینجرز،نیم فوجی اداروں ،پولیس اورسیکوریٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام ترلسانی، علاقائی، مذہبی،فروعی اورسیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھ کرمتحدہوجائیں اوراتوارکو شاہراہ قائدین پرہونے والی ایم کیوایم کی یکجہتی ریلی میں بھاری تعداد میں شریک ہوں۔

متعلقہ عنوان :