وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کا پھلوں اور سبزیوں کی خلیجی ملکوں کو برآمد کے لئے تیز رفتار کشتیاں استعمال کرنے کا حکم دیا

ہفتہ 22 فروری 2014 15:57

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22فروری 2014ء) وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے پھلوں اور سبزیوں کی خلیجی ملکوں کو برآمد کے لئے تیز رفتار کشتیاں استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔ جس کے بعد صرف 28 گھنٹوں میں برآمدی سامان دبئی تک پہنچایا جاسکے گا۔وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کی صدارت میں گزشتہ روزکراچی پورٹ پر اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس ہوا،جس میں ڈی جی فشریز،چیئرمین پی این ایس سی، انٹرنیشنل شپنگ لائنز، وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت اور پھل وسبزی برآمدکنندگان ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ خوراک اور سبزیوں جیسے آئٹمز متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک برآمد کرنے کے لیے تیز رفتار بوٹس استعمال کریں ان بوٹس کی رفتار 40 سے 45 ناٹیکل میلز ہونی چاہئیں۔

(جاری ہے)

ان بوٹس کے ذریعے ایسے برآمدی آئٹمز کو صرف 28گھنٹوں میں متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک بھیجا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتار بوٹس کے ذریعے برآمد سے برآمدگی اخراجات میں 45فیصد کمی آئے گی۔

اس وقت یہ آئٹمز ہوائی جہازوں کے ذریعے بھیجے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار بوٹس کی سروس شروع ہونے سے پاکستان سبزیاں اور پھل خلیجی ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ کماسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید منصوبے شروع کردیئے ہیں تاکہ تاجر برادری ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کماسکے۔