پیپلز پارٹی نے شام کے مسئلہ پر حکومتی پالیسی بارے وضاحت طلب کر لی ، سینیٹر فرحت اللہ بابر

جمعہ 21 فروری 2014 23:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی شام کے مسئلہ پر حکومتی پالیسی میں تبدیلی کی وزیراعظم کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز سے وضاحت کیلئے سینٹ سیکرٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔سینٹ کا اجلاس پیر24فروری کو شروع ہو گا۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹرفرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و سلامتی امور سرتاج عزیز سینٹ ایوان کو شام کے معاملہ پر اعتماد میں لیں حکومت کا شام کے حوالے سے موقف ابھی تک غیر واضح ہے اور یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ اعلی سعودی شخصیت کے دورہ اسلام آباد کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک میں شام کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے وہاں تمام اتنظامی اختیار کی حامل حکومت پر اتفاق کا مطلب پاکستان کے مشرق وسطی کے ممالک اور خصوصا ایران سے تعلقات پر اثرات کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

جس سے اب تک جو پاکستان کے ایران اور سعودی عرب سے تعلقات کا توازن موجود تھا اس توازن کو خراب کر دیگا۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی کسی مفاد کے بغیر پاکستان غیر یقینی حالات کا شکار کرنے کا باعث بنے گی جس سے ہمیں بچنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر داخلہ کی اپنے مغوی گارڈز کی بازیابی کے لئے پاکستان کے اند ر ایرانی فورسز داخل کرنے کا عندیہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کی شام کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی سے ناخوش ہے ۔ دوراز ممالک کے اندرونی بحران میں مداخلت کی پالیسی پاکستان کے مفا د میں نہیں کیونکہ پاکستان خود بھی ایسے اندرونی بحرانوں سے دوچار ہے ۔ انہو ں نے توجہ دلاؤ نوٹس میں حکومت کو شام کے حوالے سے پالیسی پر وضاحت کرنے کیلئے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :