حکومت بلا امتیاز اور سیاست سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،عنایت اللہ خان، سرکاری ملازمین عوام کی خدمت کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے پر بھی بھرپور توجہ دیں،اجتماع سے خطاب

جمعہ 21 فروری 2014 20:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 فروری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت بلا امتیاز اور سیاست سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کی خدمت کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے پر بھی بھرپور توجہ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پورے صوبے میں کلین اینڈ گرین خیبر پختونخوا کا نیاکلچر متعارف کرایا گیا ہے تاکہ پورے صوبے کو سرسبزاور صاف ستھرا بنا کر ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور بہت جلد دیر بالا میں میگا پراجیکٹس پر کام شروع کر کے علاقے کے لوگوں کی پسماندگی دور کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو ہر حال میں پوراکریں گے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دیں کیونکہ صوبے کے وسائل پر انکا حق ہے تاکہ جاری سکیمیں بروقت اور معیاری طور پر مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومتی فیصلوں پر عمل نہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ عنایت اللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اصلاحات کے ذریعے خوشحالی لائے گی۔