ایف آئی اے نے بلاول بھٹو کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنیوالے تحریک طالبان کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا،میں دہشت گردوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں، بلکہ دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کروں گا، بلاول بھٹو زرداری ،بلاول بھٹو زرداری کوئی چاکلیٹ نہیں ہے جسے دہشت گرد کھاجائیں گے، ایڈوائزر بلاول فواد چوہدری

جمعرات 20 فروری 2014 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) ایف آئی اے نے پی پی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے تحریک طالبان کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی ویسٹ سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔ دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کو قتل کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں سے 120 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں دہشت گردوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں، بلکہ دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کروں گا۔ میری زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ تم کتنے بھٹو مارو گے، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ایڈوائزر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کوئی چاکلیٹ نہیں ہے جسے دہشت گرد کھاجائیں گے۔