لاہور ہائیکورٹ میں جعلی ڈگری کیس کی سماعت،غلام سرور کی عبوری ضمانت میں28 فروری تک توسیع

جمعرات 20 فروری 2014 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں سابق وفاقی وزیر غلام سرور کی عبوری ضمانت میں28 فروری تک توسیع کر دی۔سماعت کے دوران غلام سرور کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے سیاسی مخالفت کی بناء پر جعلی ڈپلومہ کا کیس بنایا ۔

(جاری ہے)

وکیل نے معزز عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس کیس کو سماعت کے لئے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی عدالت میں بھیجا جائے کیونکہ وہ کئی ماہ سے اس کیس کی سماعت کر رہے تھے ۔

عدالت میں موجود سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی ذاتی وجوہات کی بناء پر اس کیس کی سماعت سے انکار کر چکے ہیں لہٰذاسماعت جاری رکھی جائے اور غلام سرور کی عبوری ضمانت خارج کی جائے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کو مزید دلائل کے لئے طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں28فروری تک توسیع کر دی ۔