ایشیاء کپ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں ،کسی کو آسان حریف کے طور پر نہیں لے سکتے‘ باؤلنگ کوچ، عرفان کی ایشیاء کپ میں کمی یقینا محسوس ہو گی ،ایسا ہرگز نہیں کہ بالنگ اٹیک کمزور ہو گیا ہے ‘ محمد اکرم

جمعرات 20 فروری 2014 19:57

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ محمد اکرم نے کہا ہے کہ محمد عرفان اچھا فاسٹ بالر ہے اور ایشیاء کپ میں اسکی کمی یقینا محسوس ہو گی لیکن ایسا ہرگز نہیں کہ انکی عدم موجودگی سے ہمارا بالنگ اٹیک کمزور ہو گیا ہے ،ایشیاء کپ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور ہم کسی کو بھی آسان حریف کے طور پر نہیں لے سکتے ۔

جمعرات کے روز قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بالنگ کوچ کا کہنا تھاکہ عمر گل آپریشن کے بعد معمول پر آ رہے ہیں اور انہوں نے سری لنکا میں قابل تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دورے میں عرفان کو آخری ٹی ٹونٹی میں نہ کھلانے کا فیصلہ ہوا تھا لیکن جنید کو فٹنس مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد انہیں کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عرفان اچھا فاسٹ بالر ہے اور ایشیاء کپ میں یقینا انکی کمی محسوس ہو گی لیکن ایسا ہرگز نہیں کہ ہمار ابالنگ اٹیک کمزور ہو گیا ہے ۔قومی ٹیم جنوبی افریقہ میں عرفان کے بغیر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہے انہوں نے کہا کہ ایک اچھاکھلاڑی ٹیم کا اثاثہ ہوتا ہے ،نہ صرف میں بلکہ میرے شعبے کے تمام کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں ۔

اس وقت بلاول بھٹی اور طلحہ بھی اچھے نتائج دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری سپن باؤلنگ بہت اچھی ہے لیکن جہاں ضرورت پڑی فاسٹ بولر نے بھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گراونڈمیں جاکر کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھانا ہوتی ہے ہم بھی اس طرح پلاننگ کرتے ہیں جس طرح دنیا کی نمبرون ٹیمیں کررہی ہوتی ہیں ۔بالنگ کوچ کا مزید کہنا تھاکہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیاء کپ میں شرکت کے لئے آنے والی سری لنکا ، بھارت ،بنگلہ دیش حتیٰ کہ افغانستان کو بھی آسان حریف کے طور پر نہیں لیا جا سکتا اور ہم ہر ٹیم سے جیت کے لئے میدان میں اترنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :