کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری،سرمایہ کاروں کے مزید 52ارب 20کروڑ روپے ڈوب گئے ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 180.13پوائنٹس کمی سے 25506.80پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 20 فروری 2014 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری ،کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کواتار چڑھاوٴ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 25600 نفسیاتی حد سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں مزید 52ارب 20کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت6.01فیصد زائد جبکہ62.56فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ ،آئل،انرجی ،سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 25718پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک اور شمالی وزیرستان پر ممکنہ آپریشن کی اطلاعات کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 25443پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 180.13پوائنٹس کمی سے 25506.80پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 366کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 114کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ ،214کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 23کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں52ارب 20کروڑ 53لاکھ 48ہزار518روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر62کھرب19ارب 2کروڑ 66لاکھ 58ہزار 402روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں 19کروڑ 69لاکھ 28ہزار 10شیئرز رہیں جو بدھ کے مقابلے میں1کروڑ11لاکھ 65 ہزار240شیئرز زائد ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے یونی لیورفوڈز کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت350.00روپے اضافے 8350.00روپے،پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 18.94روپے اضافے 640.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 487.25روپے کمی سے 9257.75روپے جبکہ رفحان میظ کے حصص کی قیمت 214.95روپے کمی سے 7275.08روپے پر بند ہوئی ۔

جمعرات کو بینک آف پنجاب کی رائٹ حصص کی سرگرمیاں2 کروڑ44لاکھ 16ہزار 500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 25پیسے کمی سے1.21روپے اور ٹی آر جی پاکستان کی سرگرمیاں2کروڑ63لاکھ 2ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 91پیسے اضافے سے12.61روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس 101.70پوائنٹس کمی 18566.94پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 340.41پوائنٹس کمی سے 42094.15جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 159.75پوائنٹس کمی 19079.51پوائنٹس پر بند ہوا ۔