مردان میں وکلاء اور پولیس کے مابین لڑائی ، واقعے کیخلاف وکلاء کا احتجاجی مظاہرہ ، کچہری چوک کو آدھے گھنٹے کیلئے ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا

جمعرات 20 فروری 2014 17:33

مردان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) مردان میں وکلاء اور پولیس کے مابین لڑائی ، واقعے کے خلاف وکلاء کا احتجاجی مظاہرہ ، کچہری چوک کو آدھے گھنٹے کیلئے ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا گیا ، مردان انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرہ بازی، عدالتوں سے بائیکاٹ کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز کاشف نامی وکیل اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ ہ موٹر سائیکل پر سیشن جج کے عدالت آرہا تھا کہ اسی اثناء سیشن جج کی گاڑی آگئی جس پر ڈیو ٹی پر معمور پولیس کانسٹیبل وقار نے انہیں روکا جس پر ان کے مابین زبانی تکرار شروع ہو گئی اور بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور ایک دوسرے پر مکے برسانے لگے۔

واقعے کیخلاف وکلاء میں شدید اشتعال پیدا ہو گیا اور انہوں نے ڈسٹرکٹ با ر مردان کے صدر مختیار با چا اور جنرل سیکریٹری شکیل زادہ کی قیادت میں کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک کو ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے آدھے گھنٹے کیلئے بند کر دیا ۔

(جاری ہے)

وکلاء نے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی اور واقعے میں ملوث کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایک دن کے اند ر اندر کارروائی نہیں کی گئی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ، انہوں نے ایک دن کیلئے عدالتوں سے بایئکاٹ کیا جس کی وجہ سے سائلین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔

متعلقہ عنوان :