کمشنر ہزارہ ڈویژن کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بٹگرام کے مختلف شعبوں میں گندگی اور عدم صفائی پر برہمی کا اظہار

جمعرات 20 فروری 2014 17:33

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء)کمشنر ہزارہ ڈویژن عابد علی خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بٹگرام کے مختلف شعبوں اور خصوصاً لیٹرینوں میں گندگی اور عدم صفائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ہسپتال کی غلاظت پر ایم ایس اور دیگر ذمہ دار عملہ کے خلاف انوائرنمنٹ ایکٹ1979 کے تحت فوجداری مقدمات درج کرے۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں حکومت کی جانب سے تمام ضروری سامان کی فراہمی کے باوجود مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات پر گندگی ہسپتال انتظامیہ کے لئے شرم کی بات ہے اور ہسپتال انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت پر ان کے خلاف پرچے درج کرانے کے لئے میں خود شکایت گذار بنوں گا۔ یہ حکم انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دورہ بٹگرام کے موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران جاری کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر بٹگرام کیپٹن (ر) عادل اقبال اور دیگر انتظامی وپولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر ہزارہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی میں لیبارٹری ،ایکسرے ،ڈینٹل ،ڈریسنگ ،فارمیسی اور دیگر شعبوں کے علاوہ سرجیکل میڈیکل وارڈ ز کا معائنہ کیا اور وہاں میڈیکل آلات، اوزاروں کی صفائی خصوصاً لیٹرینوں میں صفائی کی نا گفتہ بہ حالت پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس صورتحال پر کہا کہ ہسپتال مریضوں کی صحت کے لئے بنائے گئے ہیں لیکن ان میں موجود گندگی مریضوں کے لئے موت کا باعث بن سکتی ہے کیونکہ اس گندگی سے ہیپاٹائٹس اور دیگر مہلک بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ عابد علی خان نے ہسپتال کے ایم ایس کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دورے میں انہیں صفائی اور طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر کوئی عمل نہیں کیا گیا ۔

کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنر سے کہاکہ وہ ہسپتال کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اپنی براہ را ست نگرانی میں ضروری اقدامات کریں۔انہوں نے ایم ایس کو مریضوں کے لئے ضروری ڈسپوزیبل اشیاء کی فراہمی اور صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔کمشنر ہزارہ نے بتایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لئے نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل جاری ہے جس کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال کے علاوہ ضلع بٹگرام کے بنیادی مراکز صحت میں بھی ڈاکٹر تعینات کئے جائیں گے۔