پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں سے مثبت رجحان فروغ پا رہا ہے،محمودخان

جمعرات 20 فروری 2014 17:32

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل ،سیاحت ،میوزیم ، آ ثار قدیمہ و اُمور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں سے مثبت رجحان فروغ پا رہا ہے اور اس سلسلے میں خیبر پختون خوا اور دہلی کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچوں کی سیریز لائق ستائش ہے۔ یہ بات اُنہوں نے ملک کی جانب سے ایک نمائندہ وفد کی قیادت کرتے ہوئے بھارت کے دورے کے موقع پر ہندوستان میں پاکستان ہائی کمیشن کے ہائی کمشنر سلمان بشیر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ،وفد میں فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شاہد شنواری، ملک سعد ٹرسٹ کے سیکرٹری امجد عزیز ملک، سپورٹس آفیسر نسیم جاوید مفتی اور پاک چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید علی نواز گیلانی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر منصور خان، پریس منسٹر منظور میمن، فرسٹ سیکرٹری مس صائمہ سید اور ہائی کمیشن کے دیگر اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کھیل نے ملک سعد ٹرسٹ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر کو شیلڈ پیش کیا۔ محمود خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے کھلاڑیوں نے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائی ہیں اور اس سلسلے میں تمام تحصیلوں کی سطح پر جدید سہولیات سے آراستہ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کرنے کے علاوہ یونین کونسلوں کی سطح پربھی نوجوانوں کو کھیل کود کے لئے گراؤنڈ کی سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کے فروغ میں مختلف سماجی راہ نماوٴں، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں اور کھلاڑیوں کے دورے انتہائی معاون ثابت ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان اور ہندوستان کی حکومتیں ویزوں کی حصول میں حائل مشکلات دور کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والی انڈین نمائش کے لئے چار سو بھارتیوں کو ویزے جاری کر دئیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نے ملک سعد ٹرسٹ کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سرہا اور یقین ظاہر کیا کہ ٹرسٹ اپنی مدد آپ کے تحت باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے خدمات کی انجام دہی جاری رکھے گا۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے وفد کی جانب سے بھارت کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔صوبائی وزیر نے پاکستانی ہائی کمشنر کو قبائلی علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیااور بتایا کہ قبائلی پرامن اور محب وطن ہیں اور وطن عزیز کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔ ہائی کمشنر نے فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :