وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی منظوری دے دی ،برطانوی میڈیا

جمعرات 20 فروری 2014 15:43

وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی منظوری دے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی منظوری دے دی۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم آفس کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نوا شریف نے 3 دن تک فوج کو روکنے کے بعد گزشتہ رات طالبان کے ٹھکانوں پر حملوں کی منظوری دی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے مسلسل حملوں کے بعد حکومت کی جانب سے طالبان کو سخت پیغام دینے اور انہیں سبق سکھانے کیلئے حملے ہی آخری راستہ تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ رات پاک فضائیہ کی جانب سے شمالی وزیر ستان اور خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ملکی اور غیر ملکیوں سمیت 38 شدت پسند ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والوں میں ازبک، ترکمان، تاجک اور کالعدم تحریک طالبان کے شدت پسند شامل ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال عام انتخابات میں بھاری مینڈیٹ سے حکومت بنانے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے خلاف جنگ کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جس کیلئے حکومت کی جانب سے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاہم گزشتہ ہفتے طالبان کی جانب سے مغوی فوجی جوانوں کو قتل کرنے کے بعد مذاکرات کا عمل ڈیڈلاک کا شکار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ طالبان جیسے ہی کارروائیاں بند کر نے کا اعلان کریں، ان کے ساتھ رابطہ کیاجائے۔واضح رہے کہ طالبان سے جاری مذاکرات کے19 دنوں کے دوران فوج اورپولیس اہلکاروں سمیت 172افرادشہیدکئے گئے، 9 ستمبر2013 کو منعقدہ آل پارٹیزکانفرنس کے بعد ملک بھرمیں دہشت گردانہ کارروائیوں میں114 فوجی اہلکاروں سمیت 460 معصوم افرادکونشانہ بنایاگیا جبکہ 1264 زخمی ہوئے۔دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرحملہ ضرورکیاگیاہے تاہم حکومت بات چیت کاعمل جاری رکھنے کے حق میں ہے اورمذاکراتی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ جیسے ہی طالبان کارروائیاں بند کرنے کااعلان کریں، ان کے ساتھ رابطہ کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :