پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول،پاکستان و بھارت پنجاب گیمز 2 مارچ سے شروع ہوں گی

جمعرات 20 فروری 2014 13:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) پنجاب ا نٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں پاکستان و انڈیا پنجاب گیمز کا آغاز2 مارچ سے ہوگا۔ تین روزتک جاری رہنے والے ایونٹ میں شرکت کیلئے بھارتی پنجاب کا 99 رکنی دستہ واہگہ بارڈر کے راستے یکم مارچ کو لاہور پہنچے گاجس میں 82 کھلاڑی اور 17 آفیشلز شامل ہوں گے۔ پاکستان اور بھارتی پنجا ب کے کھلاڑیوں کے مابین مڈ ریسلنگ کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم، باڈی بلڈنگ کے الحمراء کلچرل کمپلیکس، ویٹ لفٹنگ کے الحمراء کلچرل کمپلیکس، رسہ کشی کے پنجاب سٹیڈیم، آرم ریسلنگ ( مرد و خواتین )پنجاب سٹیڈیم ، میٹ ریسلنگ کے جمنیزیم ہال این پی ایس سی اور کبڈی ( مردوخواتین ) کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم میں ہوں گے۔

پاکستان و انڈیا پنجاب گیمز کی تیاری کیلئے قومی ٹیموں کے تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہیں جہاں کھلاڑیوں کو تربیت کے سخت مراحل سے گزارا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان و انڈیا گیمز کیلئے منتخب کی گئیں ٹیموں کو اوپن ٹرائلز کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے ، کیمپ میں شامل کھلاڑیو ں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور سہولیات دی جارہی ہیں۔ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور نے اس حوالے سے بتایا کہ پاکستان و انڈیا گیمز سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

پاکستان و انڈیا پنجاب گیمز کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان مقابلوں دیکھنے کیلئے شائقین ملک بھر سے لاہور پہنچیں گے۔ عثمان انور نے کہاکہ پاکستانی کبڈی ٹیم نے گزشتہ سال بھارت میں جاکر ورلڈکپ میں حصہ لیا اس بار بھارتی پنجاب کی کبڈی ٹیم پاکستان کے دورے پر آرہی ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین روایتی کھیل کے دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :