Live Updates

پنجاب حکومت کی کارکردگی زیرہ ہے ، ہر شعبہ زندگی میں عام آدمی کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے‘ شاہ محمود قریشی /اعجاز چوہدری ،حکومت بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں مصروف ہے، عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں ،عمران خان 26 فروری کو چنڈ بروانہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے‘ اکڑانوالہ میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب

بدھ 19 فروری 2014 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی،صدرپنجاب اعجازاحمدچوہدری نے کہا ہے کہ 26 فروری کو چنڈ بروانہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے،حکمران جماعت کا تحریک انصاف ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور ضمنی انتخابات میں (ن)لیگ کے دھاندلی منصوبوں کو ناکام بنا دے گی،انہوں نے کہاکہ پانچ برس پہلے بھی صوبے میں (ن) لیگ حکومت کر چکی ہے لیکن کوئی تبدیلی نہیں لا سکی۔

ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اورتحریک انصاف ہی ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار پی پی 81 رائے تیمور بھٹی کے ہمراہ ضمنی انتخابات کی مہم کے حوالے سے اکڑانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جھنگ کی عوام نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ پنجاب کو بدلنا ہے ، دس مہینوں میں کھاد ، ڈیزل ، پٹرول ، بجلی ، گیس کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔

اس حلقے کا اربوں روپیہ شوگر ملز مافیا دبا کر بیٹھی ہے ۔ صوبے میں کسانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے حکومت کوئی عملی اقدامات نہیں کررہی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس وسائل نہیں مگر تحریک انصاف کے پاس دیانتدار قیادت موجود ہے۔حکومت بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں مصروف ہے۔

حکمران جماعت (ن) لیگ نے عام آدمی کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے ۔مہنگائی ، بے روزگاری سے تنگ آ کر غریب آدمی خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکا ہے ، بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے جنگل کا قانون رائج ہے۔ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔

رہنماؤں نے کہاکہ پنجاب حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ (ن) لیگ صوبے میں کئی بار حکومت کرنے کے باوجود عام آدمی کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کر سکی۔جلسے رائے حسن نواز اور ملک زاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تین مارچ کو جھنگ کے غریب عوام تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب کروا کر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنے عدم اعتماد کا اظہار کریں گے۔پنجاب حکومت ہر شعبہ زندگی میں عام آدمی کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے پنجاب حکومت کی کارکردگی زیرو ہے ۔ عوام پنجاب کے حکمرانوں سے سخت مایوس ہوچکے ہیں۔ صوبے میں لوٹ مار جاری ہے اور منافع بخش قومی ادارے اپنے چہیتوں کو نوازنے کے لئے کوڑیوں کے بھاؤں بیچے جا رہے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات