موجودہ جمہوری حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ ہے، سینیٹریوسف بلوچ ، اختیارات کومناسب طریقے سے استعمال میں لایا جائے تو احساس محرومی پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم ،سیندک پروجیکٹ سے پچاس فیصد ملنے والی رائیلٹی صوبہ بلوچستان کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے خرچ ہونی چاہئے، صحافیوں سے بات چیت

بدھ 19 فروری 2014 21:15

چاغی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) موجودہ جمہوری حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کومنتقل ہونے پر معدنی وسائل پر ہرصوبے کا دسترس بڑھ گیا ہے اگر اختیارات کومناسب طریقے سے استعمال میں لایا جائے تو پورے ملک خاص کر صوبہ بلوچستان میں پائی جانے والی احساس محرومی پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔

یہ بات سینٹ کے قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے چیئرمین سینیٹریوسف بلوچ نے سیندک پروجیکٹ چاغی کے دورے کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیندک پروجیکٹ سے پچاس فیصد ملنے والی رائیلٹی صوبہ بلوچستان کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے خرچ ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

سینیٹریوسف بلوچ نے کہا کہ کمیٹی اس حوالے سے اپنے سفارشات صوبائی اور مرکزی حکومتوں کو دے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے موجودہ صورتحال میں ضرورت اس بات کی ہے کہ بلوچستان کے تمام معدنی وسائل کو بروئے کار لاکراس صوبے کی ترقی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے خرچ ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں دیگر میگاپراجیکٹس بھی سیندک پروجیکٹ کا تقلید کرتے ہوئے ملازمتوں میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کریں تاکہ یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو با روزگاربناکر ان کی احساس محرومی کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ سیندک پروجیکٹ میں تعینات1500 ملازمین اسی صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ممبران نے سیندک پروجیکٹ کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور پراجیکٹ کے تمام مراحل کا جائزہ لیا اور سیندک پروجیکٹ کی جانب سے علاقے میں سماجی و فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر سینیٹرعبدالنبی بنگش، سینیٹر حمزہ، سینیٹر روبینہ عرفان، ڈی جی وفاقی مائنز و منرل محمداظہر خان ، صوبائی ڈی جی ڈاکٹرسعید بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں ایم ڈی سیندک پروجیکٹ رازق سنجرانی نے قائمہ کمیٹی کے اراکین کوتفصیلی بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :