گورنرخیبرپختونخوا سے وفاقی وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ کی ملاقات،فاٹا کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال،فاٹا میں امن وامان کی صورتحال ،جاری ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ آئی ڈی پیز کو درپیش مشکلات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی

بدھ 19 فروری 2014 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ سے وفاقی وزیرسیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں ملاقات کی، جس میں فاٹاکی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔بعدازاں وفاقی وزیر کوفاٹا میں امن وامان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ آئی ڈی پیز کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹاارباب محمدعارف نے بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں سیکرٹری لاء اینڈآرڈرفاٹا ڈاکٹرجمال ناصر،سیکرٹری فنانس فاٹا وقا رالحسن ، سیکرٹری اے ،آئی اینڈ سی فاٹا،ڈی جی ایف ڈی ایم اے ،چیف اکنامسٹ پی اینڈ ڈی فاٹا اوردیگرمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں وفاقی وزیر کو صدرمملکت اور وزیراعظم کے اعلان کردہ فاٹاکے طلباء کیلئے مختص کردہ سکالرشپس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ آئی ڈی پیز کودرپیش مسائل کے علاوہ فاٹاکی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرکو بتایاگیاکہ فاٹا کے مخصوص حالات کے پیش نظر ایف ڈی ایم اے کا کردار زیادہ اہمیت کاحامل ہے جسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی وقت نامساعد حالات کامقابلہ کیاجاسکے۔وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے فاٹا کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کیلئے وفاق کی جانب سے یقین دہانی کرائی اور کہاکہ فاٹا کی ترقی اور استحکام کیلئے حکومت تمام تردرکار سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے آئی ڈی پیز کے مسائل کے حوالے سے فنڈز کی فراہمی اور آئی ڈی پیز کی باعزت اور بروقت واپسی کو ممکن بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا یقین دلایا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا میں دہشت گردی سے متاثرہ افرادکی بحالی ، ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے اور امن وامان کی صورتحال کومزید بہترکرنے کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ قبائلی عوام کی بہتری اورا ستحکام کے ساتھ ساتھ فاٹا میں امن وامان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :