تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو مشروط جنگ بندی کی پیش کش کردی،حکومت طالبان ساتھیوں کی بوری بند لاشیں پھینکنے اور طالبان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کر دے تو مثبت جواب دینگے،شاہد اللہ شاہد۔ اپ ڈیٹ

بدھ 19 فروری 2014 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو مشروط جنگ بندی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت طالبان ساتھیوں کی بوری بند لاشیں پھینکنے اور طالبان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کر دے طالبان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت جواب دینگے۔نامعلوم مقام سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد نے حکومت کو مذاکراتی عمل جاری رکھنے کی افر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومتی کمیٹی طالبان کمیٹی کو یہ باور کرا دے کہ حکومتی ایجنسیاں طالبان ساتھیوں کی بوری بند لاشیں گرانے کا سلسلہ روکنے سمیت طالبان کے گھروں اور رہائشی مقامات پر چھاپے مارنے اور گرفتاریاں کرنا بند کر دے تو طالبان مثبت جواب دیتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کردینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رووٹ اوٹ کے نام سے خفیہ اپریشن شروع کیا ہے جس کے تحت صرف طالبان ساتھیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی کا واقعہ طالبان کی انتقامی کاروائی نہیں تھی بلکہ طالبان نے ساتھیوں کی لاشیں گرائے جانے کے رد عمل کے طور پر ایف سی اہلکاروں کو قتل کیا ہے کیونکہ دوران مذاکرات طالبان کے دسووٴں ساتھیوں کو قتل کیا گیا تھا جن کی مکمل فہرست جلد میڈیا کو جاری کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان ملک میں قیام امن کی خاطر مذاکراتی عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھانا چاہتی ہے جس کے لئے حکومت کو بھی سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔