شہریوں کو تکلیف میں دیکھ کر تو ڈی جی ایل ڈی اے کو نیند نہیں آنی چاہیے ،حیرت ہے غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں ‘ لاہور ہائیکورٹ،پلاٹ نہ دینے کیخلاف عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر قائمقام ڈی جی کل طلب

بدھ 19 فروری 2014 20:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ایل ڈی اے کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ شہریوں کو تکلیف میں دیکھ کر تو ڈی جی کو نیند نہیں آنی چاہیے لیکن حیرت ہے وہ غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں ، معزز عدالت نے قائمقام ڈی جی کو کل ( جمعرات ) عدالت طلب کرلیا ۔ بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزارکی جانب سے عدالت کو بتایاگیاکہ 1992ء میں اس نے جوہر ٹاؤن میں تین کنال چھ مرلہ جگہ خریدی جسے سوسائٹی نے ایکوائر کرلیاجس پر عدالت میں رٹ دائرکی گئی۔لاہورہائیکورٹ نے پلاٹ حوالے کرنے کے احکامات دئیے لیکن ایل ڈی اے کی طرف سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں عدالت عظمیٰ سے بھی رجوع کیا گیا اور یہاں سے بھی درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دیا گیا لیکن اسکے باوجود عمل نہ کیا گیا جس پر لاہورہائیکورٹ میں توہین عدالت رٹ دائرکی گئی جو چارسال سے زیر التواء ہے ۔

(جاری ہے)

معزز بنچ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہریوں کی تکلیف دیکھ کر تو ڈی جی ایل ڈی اے کو راتوں کو نیند نہیں آنی چاہیے لیکن حیرت ہے وہ غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں۔معزز عدالت نے قائمقام ڈی جی ایل ڈی اے کو کل (جمعرات ) کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔