بلوچستان کے راستے ایران انسانی اسمگلنگ عروج پر پہنچ گئی، روزانہ 2ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے براستہ کوئٹہ ، نوکنڈی ،ماشکیل کے راستے ایران بارڈر کراس کرایا جاتا ہے، ذرائع

بدھ 19 فروری 2014 19:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) بلوچستان کے راستے ایران انسانی اسمگلنگ عروج پر پہنچ گئی روزانہ 2ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے براستہ کوئٹہ ، نوکنڈی ،ماشکیل کے راستے ایران بارڈر کراس کرایا جاتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے راستے ایران اور یورپی ممالک انسانی اسمگلنگ کا کاروبار اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے روزانہ 2ہزار سے زائد افراد کو درجنوں گاڑیوں کے ذریعے افغانستان سے کوئٹہ جبکہ کوئٹہ سے نوکنڈی اور ماشکیل پہنچایا جاتا ہے نوکنڈی میں افراد کو بڑے بڑے بنگلوں میں ٹھہرایا جاتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد افغانستان سے لیکر ایران بارڈر تک آنے والی چیک پوسٹوں پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی بھتہ دیتے ہیں جبکہ امیرچہ اور ڈور گلی کے راستے بھی انسانی اسمگلنگ ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث با اثر افراد بارڈر کراس کرانے کیلئے ان افراد سے لاکھوں روپے وصول کرتے ہیں اورانہیں ایران بارڈر کراس کرکے یورپی ممالک تک پہنچایا جاتا ہے ۔یاد رہے کہ اب تک غیر قانونی طریقے سے بلوچستان کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کرنے والے سینکڑوں افراد بھوک ،پیاس ،سمندر میں ڈوب اور بارڈر سیکورٹی فورسز کی گولیوں سے ہلاک ہوچکے ہیں۔