مستحکم معاشی ترقی اس وقت حاصل کی جا سکتی ہے جب ترقی کی بنیاد سرمایہ کاری ہو، اسحاق ڈار،ملک کو مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر ڈھالنے کیلئے جی ڈی پی کا 7 سے 8 فیصد سالانہ انفراسٹرکچر پر خرچ کرنا ضروری ہے، ٹی بلز،انوسٹمنٹ بانڈز،ٹی ایف سی،سکوک کی ٹریڈنگ کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار سیکنڈری مارکیٹ قائم کردی گئی،چھوٹے سرمایہ کاری بھی گورنمنٹ سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کر سکیں گے،اربو ں کے ٹرانزیکشنز ہونے کی توقع ہے ، وفاقی وزیر خزانہ ،ملک میں انوسٹر بیس اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا،منیر کمال، ندیم نقوی، حنیف جکھورااور ثانی محمود کاخطاب

منگل 18 فروری 2014 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مستحکم معاشی ترقی اس وقت حاصل کی جا سکتی ہے جب ترقی کی بنیاد سرمایہ کاری ہو، ملک کو مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر ڈھالنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم جی ڈی پی کا 7 سے 8 فیصد سالانہ انفراسٹرکچر پر خرچ کریں، عوام کی آمدن بڑھانے اور خرچ کم کرنے کے لئے حکومت کئی اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مقامی ہوٹل میں گورنمنٹ ڈیبٹ سیکورٹیز کی تقریب اجراء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، سی ڈی سی اور اسٹاک ایکس چینجز کی طویل کوششوں کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار سیکنڈری مارکیٹ کا قیام عمل میں آگیا ہے جس کے تحت گورنمنٹ سیکیورٹیزکی ملکی اسٹاک مارکیٹوں میں ٹریڈنگ شروع ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو مقامی ہوٹل میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گورنمنٹ سیکیورٹیز کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ شروع ہونے کی تقریب کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جب ملک میں پہلی بار سیکنڈری مارکیٹ کا قیام عمل میں آیا ہے اور اب ٹی بلز، پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز، ٹی ایف سی اور سکوک سمیت تمام گورنمنٹ سیکیورٹیز کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب نہ صرف بینک اور بڑے انسٹی ٹیوشنز بلکہ چھوٹے اور ریٹیل انوسٹرز میں گورنمنٹ سیکیورٹیز کی ٹریڈنگ میں حصہ لے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیکنڈری مارکیٹیں بہت بڑی اور مضبوط ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اب تک اس جانب توجہ نہیں دی گئی تھی۔ پڑوسی ملک بھارت میں سیکنڈر ی مارکیٹ کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہونے کے بعد ملکی معیشت کی بحالی کے لیے جو کوششیں شروع کی گئی تھیں اب ان کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ملکی اسٹاک مارکیٹ بہترین کارکردگی کی وجہ سے اس وقت دنیا کی بہترین مارکیٹوں میں شمار کی جانے لگی ہے، جہاں سرمایہ کاروں کو50فی صد سے زائد کے ریٹرن ملے ہیں، اس کے علاوہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کرساڑھے6ٹریلین سے بھی بڑھ چکا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں اضافے کی اشد ضرورت ہے ، اس کے علاوہ ملک میں انوسٹرز بیس بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اب سیکنڈری مارکیٹ کے قیام سے مزید سرمایہ کار اس مارکیٹ میں آئیں گے تو انوسٹرز بیس میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر اشرف محمود وتھراکا کہنا تھا کہ ملک میں سیکنڈری مارکیٹ کے قیام سے ریٹیل انوسٹرز اب گورنمنٹ سیکیورٹیز میں بھی سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسٹیٹ بینک اس سلسلے ہر قسم کا تعاون جاری رکھے گا۔

کراچی اسٹا ک ایکس چینج کے چیئرمین منیر کمال نے ڈیٹ مارکیٹ کے قیام اور گورنمنٹ سیکیورٹیز کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ شروع کرنے کے کام کو بہت کم عرصے میں مکمل کرنے پر اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، سی ڈی سی، کے ایس ای سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ 31جنوری کو گورنمنٹ سیکیورٹیز کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ میں تعاون پر بینک الفلاح، نیشنل بینک، حبیب بینک اور جے ایس بینک کی بھی تعریف کی، کراچی اسٹاک ایکس چینج کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی نے گورنمنٹ سیکیورٹیزکی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ سسٹم کے بارے تفصیلی بریفنگ دی، سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو حنیف جکھورا اورکراچی اسٹاک ایکس چینج کے جنر ل منیجر ثانی محمود نے بھی خطاب کیا ۔