صدر ممنون حسین چینی ہم منصب ژی جن پنگ کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ،شاندار استقبال ،ننھی بچی نے گلدستہ پیش کیا ،پیپلز لبریشن آرمی کے دستے کی صدر ممنون حسین کو سلامی ،چین پاکستانی صدر کے دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے ،چینی دفتر خارجہ ،صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ قریبی تعلقات اور قریبی تعاون کے مزید فروغ میں معاون ہو گا ، پاکستانی سفیر

منگل 18 فروری 2014 22:06

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) صدر ممنون حسین چینی ہم منصب ژی جن پنگ کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر مملکت اور ان کے وفد کا چینی نائب وزیر خارجہ گو پنگ چن نے ہوائی اڈے پر پرجوش خیر مقدم کیا اس موقع پر ایک بچی نے انہیں آمد پر گلدستہ پیش کیا۔ پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے صدر ممنون حسین کو سلامی پیش کی۔

چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد، پاکستان میں چین کے سفیر سن وائیدونگ، چینی حکومت کے سینئر حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر کے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، پنجاب کے وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چین کے صدر ژی جن پنگ (کل) بدھ کو عظیم عوامی ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین کا باضابطہ استقبال کریں گے جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے اور مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ چینی صدر اپنے پاکستانی ہم منصب اور ان کے وفد کے اعزاز میں ضیافت بھی دیں گے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا کہ صدر ممنون حسین کا گزشتہ برس منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے اور وہ موسم بہار کے چینی تہوار کے بعد چین کا دورہ کرنے والی پہلی غیر ملکی شخصیت ہیں۔

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی صدر سے ملاقات کریں گی۔ مسعود خالد نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ قریبی تعلقات اور قریبی تعاون کے مزید فروغ میں معاون ہو گا۔ دریں اثناء چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ہوا چن ین نے ایک بریفنگ میں پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون میں پیش رفت کو چین کی سفارتکاری میں اعلیٰ ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین صدر ممنون حسین کے دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔