سیندک پروجیکٹ سے چاغی کے عوام کو فائدہ ملنا چاہیے،سینیٹریوسف بلوچ ،سیندک پروجیکٹ کی جانب سے دالبندین میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا قیام خوش آئند ہے ، ادارے کو جلد از جلد فعال بنانا ہوگا ، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم

منگل 18 فروری 2014 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے چیئرمین سینیٹریوسف بلوچ نے کہا ہے کہ سیندک پروجیکٹ سے چاغی کے عوام کو فائدہ ملنا چاہیے، سیندک پروجیکٹ کی جانب سے دالبندین میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا قیام خوش آئند ہے لیکن اس ادارے کو جلد از جلد فعال بنانا ہوگا تاکہ چاغی کے نوجوان ہنر مند ہو کر بر سر روزگار ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاغی کے صدر مقام دالبندین میں سیندک پروجیکٹ کی جانب سے قائم کیئے گئے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے دورے کی موقع پر سیندک پروجیکٹ کے منیجنگ ڈاریکٹر رازق سنجرانی اور دیگر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے ممبران سینیٹر محمد حمزہ، سینیٹر روبینہ عرفان، سینیٹر عبدالنبی بنگش اور دیگربھی تھے۔

(جاری ہے)

سیندک پروجیکٹ کے ایم ڈی رازق سنجرانی نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ سینٹرمیں بیک وقت ایک سو کے لگ بھگ طلباء کو مختلف کورسسز کرائے جا سکتے ہیں جو مستقبل میں معدنیات اور قدرتی وسائل کے شعبے میں اپنا لوہا منوا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس ادارے کو فعال بنایا جائے گا۔ اس موقع پرسینیٹر یوسف بلوچ نے کہا کہ پندرہ سال بعد سیندک پروجیکٹ کی جانب سے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا قیام دیر آید درست آید کے مترادف ہے لیکن انشاء اللہ وہ دن دور نہیں یہ ادارہ آئندہ آنے والے وقتوں میں اپنا ایک فعال کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اس خطے کے بے روزگار نوجوانوں کوپروجیکٹ میں روزگار دلانا ہے سینیٹریوسف بلوچ نے کہا کہ سیندک کے ذخائرسے علاقے کے عوام کو ہرسطح پر مستفید ہونے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ خطے کے عوام کی خوشحالی سے میگا پروجیکٹ کامیاب ہوسکتے ہیں۔بعد ازاں سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین دیگر ارکان سیند ک پروجیکٹ کا دورہ کرنے چلے گئے۔