طالبان سے رابطوں میں دشواریاں پیش آرہی ہیں،پروفیسرابراہیم، وزیر اعظم کا حکومتی کمیٹی کو مذاکراتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کرنا خوش آئند ہے،مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لئے دونوں فریقوں فوج اور طالبان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

منگل 18 فروری 2014 19:52

طالبان سے رابطوں میں دشواریاں پیش آرہی ہیں،پروفیسرابراہیم، وزیر اعظم ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر اور طالبان کمیٹی کے رکن پروفسیر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ طالبان سے رابطوں میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ وزیر اعظم کا حکومتی کمیٹی کو مذاکراتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کرنا خوش آئند ہے۔مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لئے دونوں فریقوں فوج اور طالبان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

کراچی دھماکے اور مہمند ایجنسی کے واقعے نے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے تاہم ملک میں امن کی خاطر ہر حد تک جائیں گے۔طالبان کی طرف سے ان کے زیر حراست افراد کے قتل کا دعویٰ اور سیکورٹی اداروں کی طرف سے اس سے انکار، کا قبول کرنا یا اسے مسترد کرنا ہمارے لئے ممکن نہیں ۔ اس کی مناسب تحقیق دونوں کمیٹیاں مل کر ہی کرسکتی ہیں اور جس کی بھی زیادتی ثبوت تک پہنچے دونوں کمیٹیوں کو متفقہ طور پر اس کی مذمت اور درست رویہ اختیار کرنے کو کہہ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا کے دفاتر پر حملے قابل مذمت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی سے جاری کئے گئے بیان اور بعدازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ مہمند واقعے کے بعد مذاکرات کے عمل کو شدید دھچکا لگا ہے ۔ واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ عین اس وقت جب فائر بندی کا اعلان متوقع تھا طالبان کو اس قسم کی کاروائیوں سے گریز کرنا چاہئے تھا۔

رابطوں میں مشکلات کی وجہ سے مکمل بات نہیں ہوپارہی۔ حکومتی کمیٹی پیرکے روزاکوڑہ خٹک میں ہم سے ملاقات کرلیتی تو ڈیڈلاک پیدا نہ ہوتا۔اللہ نے چاہا تو یہ ڈیڈلاک جلد ختم ہوگا اور مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کراچی میں نجی ٹی چینلز آج نیوز، وقت ٹی وی،نوائے وقت اور اے آر وائی ٹی وی کے دفاتر پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادیٴ صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اورمیڈیا ہاوٴسز کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے پشاور میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے اور ایک میجر کی شہادت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔