تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا تعلیم کے فروغ سے وابستہ لوگ عظیم مقصد کیلئے کوشاں ہیں، راجہ پرویز اشرف،ملک کو محبت اور بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے ، والدین بچوں کو ہر صورت تعلیم دلوائیں ، سابق وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

منگل 18 فروری 2014 19:31

گوجرخان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ استاد اور شاگرد کا رشتہ بہت عظیم ہے جو شاگرد اساتذہ کی عزت و احترام کرتے ہیں کبھی ناکام نہیں ہوتے، تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا تعلیم کے فروغ سے وابستہ لوگ بلا شبہ عظیم مقصد کیلئے کوشاں ہیں ان سے اللہ راضی ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں دی رول اسکول سسٹم کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت لازم و ملزوم ہیں تعلیم تربیت کے بغیر اور تربیت تعلیم کے بغیر ہونا نا ممکن ہے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلوائیں تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے کیونکہ ہمارا پیارا ملک پاکستان ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو محبت اور بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے ۔ تقریب سے سینئر صحافی احمد نواز کھوکھر اور معروف ماہر تعلیم قاضی وقار نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں سکول کے پرنسپل عبد الرؤف کیانی نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا ۔