رینجرزکا لیاری میں سرچ آپریشن ،بابا لاڈلہ کا خاص کارندہ سعید بلا ہلاک ،9گرفتار ،اسلحہ و دستی بم برآمد

منگل 18 فروری 2014 16:42

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء ) رینجرز کا کراچی کے علاقے لیاری میں سرچ آپریشن ، مقابلہ ،بابا لاڈلہ کا خاص کارندہ سعید بلا ہلاک ،9گرفتار ،اسلحہ و دستی بم برآمد ،گینگ وا ر خون ریزی میں تیزی بابا لاڈلہ کے 2کارندوں سمیت 4افراد ہلاک ،خاتون زخمی،بابا لاڈلہ کے 8کارندے اغواء، آصف نیازی کا اسلحہ ڈپو پکڑا گیا ۔ سی آئی ڈی نے بھی تاجو کے 2کارندے دھر لئے، اسلحہ بر آمد، پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔

واقعات کے مطابق منگل کی صبح رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری گل محمد لین، دھوبی گھاٹ، آٹھ چوک ، پھول پتی لین سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور گینگ وار ملزمان کے گھروں کی تلاشی لی ترجمان کے مطابق رینجرز پر گینگ وار ملزمان نے فائرنگ کردی اور جوابی کار روائی میں بابا لاڈلہ کا شوٹر سعید عرف بلا مارا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم لیاری پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ رینجرز نے دھوبی گھاٹ سے بابا لاڈلہ کے سالے آصف نیازی کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑ لی اور 8ملزمان کو گرفتا ر کرلیا۔

جبکہ سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل کے انچارج علی رضا اور انسپکٹر راجہ خالد نے ڈاکس میں کارروائی کرکے لیاری گینگ وار تاجو گروپ کے 2شوٹر حسین کچھی اور نوید بلوچ کو گرفتار کر کے اسلحہ و دستی بم بر آمد کر لئے ۔ سی آئی ڈی کے مطابق ملزمان متحدہ کے کارکن ، پولیس اہلکاروں سمیت 8سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ چاکیواڑہ کے علاقے رانگی واڑہ آدم ٹی شا پ والی گلی میں 28سے 30سالہ 2مغویوں کی لاشیں ملی جنہیں اغواء کے بعد تشدد کرکے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا لاشوں کو سول اسپتال لایا گیا پولیس کے مطابق فوری طور پر مقتولین کی شناخت ساجد ولد عبداللہ اور جاوید ولد قادر داد کے ناموں سے ہوگئی ساجد لیاری احمد شاہ بخاری روڈ کا رہائشی اور جاوید عیدولین کا رہائشی تھا ، دونوں کو سر، کمر اورآنکھو ں میں گولیاں مار ک قتل کر کے لاشیں پہینکی گئی ہیں پولیس کے مطابق دہرے قتل گینگ وا ر کے دو گروپوں میں تنازعہ کا نتیجہ ہے۔

مقتولین بابا لاڈلہ کے کارندے ہیں ، مقتولین کے 6ساتھی اغواء ہیں ۔ نغدادی کے علاقے شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ کلری جونا مسجد کے سامنے تندور کے قریب ہاتھ پاوٴن بندھی ایک لاش ملی جسے اغواء کر کے تشدد کے بعد سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا بعد ازاں مقتول کی شناخت 30سالہ اللہ بخش بلوچ ولد دین محمد کی حیثیت سے ہوئی ۔

متعلقہ عنوان :