بگ تھری کو ہمارا بھی ایک ووٹ چاہئے تو انہیں ہماری بات سننا ہو گی ، نجم سیٹھی

منگل 18 فروری 2014 16:31

بگ تھری کو ہمارا بھی ایک ووٹ چاہئے تو انہیں ہماری بات سننا ہو گی ، نجم ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر بگ تھری کو ہمارا بھی ایک ووٹ چاہیے تو انہیں ہماری بات سننا ہو گی ، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس معاملے میں قومی اور پاکستان کی کرکٹ کے مفاد کو کسی صورت نظر انداز نہیں کریں گے ،امید ہے پاکستانی ٹیم ایشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی پرچم بلند کرے گی اور اگر ہم جیتیں گے تو بورڈ کی عزت ہو گی اور کوئی ہمیں نظر انداز نہیں کر سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز قذافی اسٹیڈیم میں بگ تھری کے معاملے پر سابق چیئرمین اعجاز بٹ سے مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں نجم سیٹھی نے اعجاز بٹ کو پی سی بی کے موقف سے آگاہ کیا اور اس معاملے پر ان سے رہنمائی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بگ تھری انتہائی اہم معاملہ ہے اور اس سلسلہ میں کرکٹ بورڈ سے وابستہ رہنے والے سابق چیئرمینز سے مشاورت لی جارہی ہے اور سب سے بات کریں گے او رجس پر سب کااتفاق رائے ہوگا وہی موقف اپنائیں گے۔

آئندہ کی حکمت عملی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی میں آپ کو راستہ نہیں بتاؤں گا کیونکہ اگر یہ بتا دیا تو راستہ تو بند ہو جائے گا ۔ بگ تھری کے معاملے میں 9بورڈز ایک طرف اور ہم تنہا ایک طرف ہیں لیکن یقین دہانی کراتا ہوں کہ قومی اور پاکستان کی کرکٹ کے مفاد کو مد نظر رکھیں گے ۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ایسی بات نہیں کہ کسی ملک نے کھیلنے سے انکار کیا ہے بلکہ اب باہمی ٹورز ‘ نشریاتی حقوق اور دیگر معاملات ہیں ہمارا ایک ووٹ ہے لیکن ہم موقف رکھیں اپنائیں گے کہ اگر ہمار اایک ووٹ بھی چاہیے تو ہماری بات سننی ہو گی ۔

اعجاز بٹ نے کہا کہ نجم سیٹھی نے جو باتیں کی ہیں وہ درست ہیں اور میں انہیں مکمل یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ساری دنیا میں بورڈز کے چیئرمینز کرکٹرز نہیں ۔ آپ کے پاس بورڈ کو چلانے کی اہلیت ہونی چاہیے اور ویسے دیگر شعبوں کو سابق کرکٹرز ہی چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا ہے اورکہا ہے کہ اس کے مطابق چلیں ۔

متعلقہ عنوان :