چین کیساتھ پاکستان کے دیرپادوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں ،وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں،محمد شہباز شریف

منگل 18 فروری 2014 16:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کیساتھ پاکستان کے دیرپادوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کی دوستی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چینی قیادت کیساتھ ہر سطح پر باہمی رابطوں سے دونوں ملکوں کے درمیان خیر سگالی کے جذبات کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔

یہ بات انہوں نے چین کے دورے پر روانگی سے قبل پنجاب ہاوس اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کی کیمونسٹ پارٹی کے نائب وزیر ال پیانگ AL PIANG کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں اور چین کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے سے دونوں ملکوں میں باہمی تجارت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کے دورہ چین کے دوران ان کی مصروفیات اور بڑے تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔ وزیر اعلی پنجاب نے صوبے میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے میٹرو بس سروس پراجیکٹ اور دوسرے منصوبوں کے بارے میں بھی چینی وفد کے اراکین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور حکومت کی طرف سے ایسا ماحول قائم کیا جا رہا ہے جس سے تجارتی تعاون نئی رائیں تلاش کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

کیمونسٹ پارٹی آف چائینہ کے نائب وزیر ال پیانگ AL PIANGنے پاکستان اور چین کے درمیان ہر شعبے میں تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے لئے محبت اور باہمی احترام کے جذبات رکھتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور ترقی کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں تیز رفتار ترقی کے پروگرام قابل ستائش ہیں جن سے عوام کو بہتر سہولیات حاصل ہو رہی ہیں۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :