کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات ،فورنزک ڈیپارٹمنٹ کے سب انسپکٹر اور ڈاکٹر سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے

پیر 17 فروری 2014 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) شہرقائد میں ایک طرف تو ٹارگیٹڈآپریشن چل رہا ہے تو دوسری طرف بدامنی بھی جاری ہے۔ پیرکوکراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں فورنزک ڈیپارٹمنٹ کے سب انسپکٹر اور ڈاکٹر سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں جہاں قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے ٹارگیٹڈکارروائی کی جارہی ہیں وہیں جرائم پیشہ عناصربھی جب چاہتے ہیں کسی نہ کسی معصوم شہری کو دہشت گردی کا نشانہ بنادیتے ہیں۔

نارتھ ناظم آباد میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈین آف میڈیسن پروفیسر جاوید قاضی جاں بحق جبکہ ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے ایم بلاک میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈین آف میڈیسن پروفیسر جاوید قاضی کی کار پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ کالج سے نکل کر گھر کی جانب جارہے تھے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں پروفیسر جاوید قاضی موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد پروفیسر جاوید قاضی کی لاش اور ان کے ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ڈاکٹر جاوید قاضی ایم ڈی سی میں پیتھالوجی شعبے کے سربراہ تھے اور عباسی شہید اسپتال میں شعبہ پیتھالوجی کے سربراہ تھے۔ کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فورنزک ڈیپارٹمنٹ کے سب انسپکٹر آفتاب جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی پر مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق آفتاب فورنزک ڈویژن کے افسر بتائے جاتے ہیں۔ تین ہٹی کے قریب ندی سے 20سالہ نوجوان کی لاش برآمدہوئی ہے ، مقتول کی شناخت ذوہیب کے نام سے ہو گئی تاہم لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔لیاری جونا مسجد کے قریب سے 26 سالہ نوجوان کی تشددزدہ لاش برآمدہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کو اغواء کے بعد تشدد کرکے سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کلاکوٹ کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں ملا نثار کے کارندوں نے فائرنگ کرکے 30 سالہ کامران بلوچ عرف کامی کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول گینگ وار کے سرغنہ رحمن ڈکیت کا سالا تھا اور پولیس کو 20 سیز ائد مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھا۔ بغدادی میں شکیل پٹھان، شیراز کامریڈ اور بابا لاڈلا کے کارندوں کی کراس فائرنگ سے انس میمن نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ مقتول کھڈہ مارکیٹ کا رہائشی اور مزدور تھا۔ ملیر ماڈل کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔ مقتول کو تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر انچولی میں پانچ کی دکان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 45 سالہ شہاب حیدر کو قتل کردیا، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھربلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیاجسے طبی امدادکے لیئے سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :