کراچی میں دو نیوز چینلز اور ایک اخبار کے دفاتر پر دستی بموں سے حملے، آج نیوز کے دفتر پر حملے میں سیکورٹی گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے،نوائے وقت اور وقت نیوز کے دفتر پر دستی بم خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکا۔ دھماکے سے آج نیوز کے دفتر کے مرکزی دروازے کو نقصان پہنچا ،وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کا نوٹس ، آئی جی پولیس سندھ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی اور میڈیا کے دفاتر کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

پیر 17 فروری 2014 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) کراچی میں نجی نیوز چینلز آج نیوز اور وقت نیوز سمیت مقامی روزنامے نوائے وقت کے دفاتر پر دستی بموں سے حملے۔ آج نیوز پر دستی بم حملے میں سیکورٹی گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ نوائے وقت اور وقت نیوز کے دفتر پر دستی بم خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکا۔ دھماکے سے آج نیوز کے دفتر کے مرکزی دروازے کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی میں آزادی صحافت پر ایک اور حملہ،کراچی کے علاقے گرو مندرمیں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے آج نیوز کے دفتر پردستی بم سے حملہ کیا اورفرار ہوگئے۔دھماکے کے بعد مرکزی گیٹ پر دھواں پھیل گیا اور سب خوف میں مبتلا ہو گئے، دھماکے میں سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے جبکہ مرکزی دروازے کو بھی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجر کے اہلکار امدادی ٹیمیں آج نیوز کے دفتر پہنچ گئیں،جبکہ سڑک بند کردی گئیں ، عمارت کے اندر سے بال بیرنگ کے ٹکڑے بھی ملے ہیں۔ مزار قائد اعظم کے بالمقابل نوائے وقت کراچی اور وقت نیوز کے دفتر پر دستی بم پیر کی شام تقریباً ساڑھے سات بجے نامعلوم افراد نے پھینکا جو دفتر کے اندر پارک موٹر سائیکلوں کے قریب آکر گرا لیکن پھٹ نہیں سکا۔

اس بارے میں اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر بم کو اپنی تحویل میں لے کر ناکارہ بنایا۔ پھینکا جانے والا دستی بم کو کولڈڈ رنک کے چھوٹے کین میں بنایا گیا تھا جس کے اوپر پیلے رنگ کی ٹیپ لپٹی ہوئی تھی۔ کین میں بنائے گئے بم میں تقریباً نصف کلو گرام بارودی مواد کے ساتھ بال بیرنگ کی پلیٹ بھی لگائی گئی تھی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم پھٹنے کی صورت میں دھماکے اور بال بیرنگ سے بڑا نقصان ہوسکتا تھا ۔

وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے دونوں حملوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی اور میڈیا کے دفاتر کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔آج نیوز اور وقت نیوز سمیت نوائے وقت کے دفات پر ہونیوالا حملہ صحافت پر کاری ضرب ہے،جو سچ کو دبانے کی کوشش ہے