بلوچستان کی صورتحال ایک آمر کے جابرانہ اقدامات کا نتیجہ ہے ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، مسائل قوت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں ، وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات میں بات چیت

پیر 17 فروری 2014 22:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم پر صدق دل سے مکمل عملدرآمد کیا جائے تو آج کے بیشتر مسئلے کے حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کے دوران کہی اس موقع پر بلوچستان اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ زکوة فنڈز میں بدعنوانی کا تدارک کیا جائے تو معاشرے اور بالخصوص محروم طبقے اور مستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج بلوچستان کی صورتحال ایک آمر کے جابرانہ اقدامات کا نتیجہ ہے انہوں نے کہاکہ آمر کے اقدامات نے بلوچستان کو آگ میں جھونک دیا اور نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت اور دیگر واقعات نے صوبے میں تشدد اور محاذ آرائی کی سیاست کو فروغ دیا انہوں نے اپنی حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ 21ویں صدی جمہوریت کی صدی ہے اور تمام مسائل قوت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں ۔