پاکستان اپنی سرزمین پر جنگجوگروپوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے،افغانستان کاالزام،پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششیں کرنے میں ناکام رہا،طالبان اپنی اپنی حکومتوں سے مذاکرات میں تعاون کریں،ترجمان افغان دفترخارجہ احمد شکیب کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

پیر 17 فروری 2014 21:52

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) افغانستان نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششیں کرنے میں ناکام رہاہے اورابھی بھی پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے ان کی سرزمین پر موجود جنگجوؤں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیرکو افغان دفترخارجہ کے ترجمان احمد شکیب نے ہفتہ وارپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغان طالبان کی جانب سے حال ہی میں امن مذاکرات کے حوالے سے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ افغان طالبان آئندہ بھی اس پالیسی پر ثابت قدم رہیں گے ،انہوں نے کہاکہ حال ہی میں افغان طالبان کا حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کا بیان دینا ملک میں امن اومان کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے ،ان کا کہنا تھا کہ طالبان ہمسایہ ممالک میں سرگرم اپنے گروپوں کی قیادت کو بھی کہیں کہ وہ بھی اپنی اپنی حکومتوں کے ساتھ امن مذاکرات نیک نیتی سے کریں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیاکہ کچھ ہمسایہ ممالک خصوصا پاکستان عملا افغانستان میں امن کوششوں کوکامیاب کرانے میں ناکام رہا،پاکستان ابھی بھی افغانستان میں قیام امن کے لیے اقدامات نہیں کررہا،انہوں نے ہمسایہ ممالک سے کہاکہ امن مذاکرات سے قبل مشکلات پیدانہ کریں ،انہوں نے حکمت یار کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں دلچسپی ظاہرکریں۔