23ایف سی اہلکاروں کا قتل قوم اور سکیورٹی فورسز کے لیے چیلنج ہے ،بلاول بھٹو زرداری ، مٹھی بھر دہشت گرد اور ان کے ہمدرد پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں دھکیلنا چاہتے ہیں ،سرپرست اعلیٰ پاکستان پیپلزپارٹی

پیر 17 فروری 2014 21:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے 23ایف سی اہلکاروں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور طالبان کے اس اقدام کو پوری قوم اور سکیورٹی فورسز کے لیے چیلنج قرار دیا ہے ۔پیر کو بلاول ہاوٴس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد اور ان کے ہمدرد پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں دھکیلنا چاہتے ہیں اور مہمند ایجنسی میں قوم کے بہادر فوجیوں کو قتل کا واقعہ ان لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،جو اس ملک اور یہاں کے لوگوں سے پیار کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت افسردہ ہونے کا نہیں بلکہ ردعمل ظاہر کرنے کا ہے ،کیونکہ پاکستان کے عوام اور سکیورٹی اداروں پر دشمن بھیس بدل کر حملے کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہماری خودمختاری داوٴ پر لگی ہوئی ہے ،جس خودمختاری کی خاطر ہماری پہلی نسلوں نے قربانیاں دی تھیں ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ لوگ دہشت گردوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور دہشت گردی کے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں اور پاکستان کے اداروں کو دہشت گرد اور ان کے ہمدردوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا ۔بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کا شکار ہونے والے ایف سی اہلکاروں کے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار ہونے والی محترمہ بے نظیر بھٹو کے بیٹے ہیں۔انہیں دہشت گردی کا شکار ہونے والے ایف سی اہلکاروں کے ورثاء کے درد کا پوری طرح احساس ہے ۔