سوڈانی سفیرالشافی احمد محمد کی قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،پاکستان سوڈان کیساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،سوڈان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ،راجہ محمد ظفرالحق

پیر 17 فروری 2014 21:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) سوڈان کے سفیرالشافی احمد محمد نے قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق سے پارلیمنٹ ہاوٴس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سوڈان کے سفیر نے سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق کو عرب اور افریقہ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان حکومت کا سوڈان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاوٴن پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں سوڈان کے 5سو سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیں جو خوش آئند ہے۔

سوڈان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت ، ثقافت اور سیاسی تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا۔قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ سوڈان ایک اہم ملک ہے اور پاکستان سوڈان کیساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوڈان نے ہمیشہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے اور پاکستان کشمیرکے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق حل کرانے کا خواہاں ہے ر اجہ محمد ظفر الحق نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں سے قانون سازی و مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔

۔ سوڈان کے سفیر نے قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق کا شکریہ بھی ادا کیا اور مہمان نوازی کو سراہا۔