چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی سیکیورٹی کم کرنے کے معاملہ پر اراکین سینیٹ کا اظہار تشویش ،قائمقام چیئرمین نے معاملہ استحقاق کمیٹی سینیٹ کے حوالے کر دیا

پیر 17 فروری 2014 21:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی سیکیورٹی کم کرنے کے معاملہ پر اراکین سینیٹ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ قائمقام چیئرمین نے معاملہ استحقاق کمیٹی سینیٹ کے حوالے کر دیا ۔

(جاری ہے)

پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر پیپلز پارٹی کی سیینٹر ڈاکٹر سعیدہ اقبال نے کہا کہ پروٹوکول کے تحت چیئرمین سینیٹ تیسرے نمبر پر آتے ہیں اور صدر مملکت کی موجودگی میں قائمقام صدر کا منصب سنبھالتے ہیں تمام ممبران کا استحقاق ہے کہ وہ اس پر بات کریں کیونکہ انکی سیکیورٹی بتدریج کم کر دی گئی ہے جمعہ کو انکی سیکیورٹی میں مزید کمی کی گئی ہے چیئرمین سینیٹ رہتے بھی اسلام آباد میں ہیں انکی کوئی سرکاری رہائشگاہ بھی نہیں ہے ان کی سیکیورٹی کم کرنے پر انتہائی تشویش ہے اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کے حوالے کیا جائے سینیٹر لالہ عبد الرؤف نے بھی سیکیورٹی میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت چیئرمین سینیٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے اور دیگر اراکین کو جو دھمکی آمیز خطوط مل رہے ہیں انہیں بھی سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ اراکین کو بہتر ماحول میں فرائض انجام دینے کا موقع ملے جس پر قائمقام چیئرمین صابر بلوچ نے کہا کہ معاملہ انتہائی حساس ہے آرٹیکل 9 کے تحت کے ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عام شہریوں کو تحفظ فراہم کرے جس کے بعد قائمقام چیئرمین نے معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

متعلقہ عنوان :