لاہور ہائیکورٹ،بلدیاتی امیدواروں پر آرٹیکل 62،63کے اطلاق کیلئے دائر درخواست پر ایف بی آر،ایف آئی اے اور نیب کو نوٹسز جاری

پیر 17 فروری 2014 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے اطلاق کے لئے دائر درخواست پر ایف بی آر،ایف آئی اے اور نیب کو جواب داخل کرنے کیلئے نوٹسز جاری کر دئیے ۔سوموار کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر آئین کے آرٹیکل 62اور 63کا اطلاق نہیں کیا جارہا جسکی بناء پر ٹیکس ڈیفالٹرز،سزا یافتگان ،جعلی ڈگری ہولڈر بھی جیت جائیں گے جس سے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔

معزز عدالت نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر مذکورہ آرٹیکلز کے اطلاق کے لئے ایف بی آر،ایف آئی اے اور نیب کو دوباہ نوٹسز کا اجراء کرتے ہوئے17 مارچ سے قبل جواب داخل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔