وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی پنجاب میں شرح نمو بڑھانے کے لیے ترقیاتی حکمت عملی2018ء جلد تیار کرنے کی ہدایت،ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے،پنجاب میں ای گورنمنٹ کے قیام کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں،میٹروبس منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل عزم ،ہمت اور محنت کی داستان ہے،میٹروبس منصوبے کے ماڈل کو اپنا کر صوبے کی شرح نمو بڑھائی جاسکتی ہے،نظام میں بہتری اور اداروں کی استعدادکار بڑھا کر سرمایہ کاری کو فروغ اورروزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں،زراعت ،لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ کو ترقی دے کر قومی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

پیر 17 فروری 2014 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس کا ملک کی جی ڈی پی میں بڑا حصہ ہے، پنجاب میں شرح نمو میں اضافے کے لیے ترقیاتی حکمت عملی 2018ء مرتب کی جارہی ہے،جس کے تحت صوبے کی شرح نمو بڑ ھانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے، ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، نظام میں بہتری اور اداروں کی استعدادکار بڑھا کر سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے سوموار کے روز یہاں پنجاب کی شرح نمو میں اضافے کے لیے ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں پنجاب میں شرح نمو بڑھانے کے لیے ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی غور وخوص کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی،وائس چےئرمین ایل ڈی اے ،چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اورماہرین معاشیات نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایاجارہاہے اور ای ۔گورنمنٹ کے قیام کے جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی شرح نمو میں اضافے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کو جلدحتمی شکل دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی اور چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں کمیٹی ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کی تجاویزکو جلد حتمی شکل دے اورتمام اداروں کے سربراہان اس مقصد کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ زراعت ،لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں ترقی کی بڑی گنجائش موجود ہے ۔ان شعبوں کو ترقی دے کر نہ صرف ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے بلکہ قومی معیشت کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے بھر پور استفادہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس کے شاہکار کی ریکارڈ مدت میں تکمیل عزم ،ہمت ،محنت ،شفافیت اورمعیار کی داستان ہے۔اسی ہمت اورحوصلے سے کام کر کے پنجاب کی گروتھ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس منصوبے کا ماڈل ہر ادارے میں لاگو کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے اضافی وسائل کا حصول کوئی مسئلہ نہیں اگر محنت اوردیانت سے کام کیا جائے تو اضافی وسائل میسرآسکتے ہیں۔مشیربرائے اقتصادی امور ڈاکٹر اعجاز نبی اور چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی2018ء بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کے اہم مقاصدمیں ہر سال 10لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرناتعلیم ،صحت کی سہولیات بہتر بنانا،عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانا،صنعتی عمل تیز کرنا،سرمایہ کاری کا فروغ،نجی شعبے کی حوصلہ افزائی،ہنر مند افرادی قوت کی تیار ی،صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنانا،شہری ترقی اورلائیوسٹاک کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھانا شامل ہیں۔