صحت کے شعبے کو مذید فعال بنانے کی خاطر حکومت ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے،یاسین خلیل

پیر 17 فروری 2014 16:44

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے امداد بحالی و آبادکاری اور ٹرانسپورٹ یاسین خان خلیل نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے کو مذید فعال بنانے کی خاطر حکومت ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے تاکہ معاشرے کے نادار ، محتاج اور بے کس بیمار افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آسکے۔

انہوں نے یہ بات رول ہیلتھ سنٹر ریگی پشاور کے اچانک دورے کے موقع پر موجود عمائدین علاقے سے باتیں کرتیں ہوئے کہی ۔ یاسین خان خلیل نے کہا کہ صحت کا شعبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے تاہم حکومتی وسائل کے ساتھ ساتھ انسانی خدمات کی فراہمی اور اُن کا درست استعمال ہی دُکھی انسانیت کی حقیقی خدمت کا امین ہے۔ تاہم اُنہوں نے اس امر پر انتہائی دُکھ کا اظہارکیا کہ ان کے اس دورے کے موقع پر آر ایچ سی ریگی کا پورا عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے سرکاری چھٹی ہو انہوں نے اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو ڈیوٹی سے غیر حاضر سٹاف کو معطل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ان کی جگہ ایماندار اور فرض شناس عملے کی تعیناتی کی سفارش کی تاکہ علاقہ کے عوام کو صحت کی نا صرف سہولیات میسر آئیں بلکہ علاقہ میں ہسپتال کے قیام کے مقاصد بھی حاصل ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

یادرہے کے یاسین خان خلیل کے آرایچ سی ریگی پشاور کے اچانک دورہ کے موقع پر سوائے ای پی آئی ٹیکنیشن اور چوکیدار کے علاوہ ہسپتال کا پورا عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔