حکومت اور طالبان مذاکراتی عمل کامیاب بنا کرملک دشمنوں کی سازشوں کوناکام بنادیں‘ پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 17 فروری 2014 16:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیراحمدجنجوعہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور طالبان مذاکرات کا میاب بناکر ملک دشمنوں کی سازشوں کوناکام بنادیں، دوطرفہ مذاکرات میں عملی طور پر پیش رفت خوش آئند ہے، ملک میں ٹارگٹڈآپریشن کاشورمچانے والے قوم کے ساتھ مخلص نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ جہاں کہیں بھی آپریشن کیاگیا وہیں حالات کنٹرول میں آنے کی بجائے نفرتیں مزید بڑھیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مغربی سرحد کی حفاظت قبائل نے ہمیشہ بخوبی سرانجام دی ہے۔ملک دشمن بیرونی قوتیں وطن عزیز میں اندرونی خلفشار اورفسادات کی آگ کوبھڑکانا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ امریکی غلامی کاطوق گلے میں پہنانے والوں نے پاکستان کوتباہی وبربادی کے کنارے پر پہنچادیا ہے۔کشکول کوتوڑنے تک نہ ملکی معیشت کو سہارامل سکتا ہے اور نہ ہی امریکہ کی ”جی حضوری“ ختم ہوسکتی ہے۔

شریعت کے خلاف ”واویلا “کرنے والے اسلام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ملک وقوم کودرپیش مسائل کاحل اسلامی نظام حیات میں پنہاں ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اخترنے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ تاریخ سے سبق سیکھے اورجلدبازی میں کوئی بھی ایسا اقدام نہ کرے جس کے نتائج ساری قوم کو برداشت کرناپڑیں۔مذاکراتی عمل میں پیش رفت سے سیکولرعناصر کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔امریکی نام نہاد دہشتگردی کے خلاف 12برس سے جاری جنگ سے باہر نکلنے کاوقت آگیا ہے۔حکمران فہم وفراست سے کام لے کر معاملات کوآگے بڑھائیں اور ایسے فیصلوں سے اجتناب کریں جو ملک وقوم کے مفاد میں نہ ہوں۔