مقدمات کی پیروی کرنے پر وکیل کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

پیر 17 فروری 2014 16:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے مقد مات کی پیروی کرنے پر وکیل کو قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوکاڑہ کوواقعہ کی غیر جانبدار اور شفاف کاروائی کرنے اور پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

اخباری رپورٹ کے مطابق نواحی گاؤں چاہ چوبارہ والا کا رہائشی صدیق وٹو ایڈووکیٹ اپنے ڈرائیور احمد کے ہمراہ اپنی گاڑی پر لاہور ہائی کورٹ جارہا تھا کہ پل ٹھوکر گاما واہگرہ کے قریب ملزمان خالد، عامر، عبداللہ اور افضل نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے صدیق ایڈووکیٹ موقع پر ہلاک اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔

وجہ عناد یہ تھی کہ مقتول ملزمان کے خلاف تھانہ بصیر پور میں درج تین مقدمات کی پیروی کر رہا تھا۔ تاہم پولیس نے مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر تے ہوئے کاروائی شروع کر دی ہے۔ عدالت عالیہ لاہور کے شکایات سیل نے مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔