علی موسیٰ گیلانی سمیت مخدوم شہاب الدین اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

پیر 17 فروری 2014 13:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) ایفی ڈرین کوٹہ الاٹمنٹ کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی سمیت مخدوم شہاب الدین اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی جبکہ علی موسیٰ گیلانی کے وکیل نے کہا ہے کہ جان بوجھ کرسیاسی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔پیر کو راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت کے جج محمد اختر بہادر نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت کی۔

مخدوم شہاب الدین، افتخار خان بابر اور عبدالخالق کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جع کروائے گئے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی، زونیر ملک، خوشنود اختر لاشاری اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوسری جانب مخدوم شہاب الدین نے عدالت کے اختیار سماعت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

(جاری ہے)

مخدوم شہاب الدین کے وکیل نے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپی عدالت میں پیش کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ہائیکورٹ میں اختیار سماعت سے متعلق فیصلے تک تمام کارروائی روکی جائے۔ علی موسیٰ گیلانی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ یہ سیاسی کیس ہے فرد جرم عائد کیے جانے میں قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جان بوجھ کر سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا ہے۔ کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :