وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی سعودی وزیر ڈاکٹر نظار بن عبید مدنی کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ،وزیراعظم محمد نوازشریف پاک سعودی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جاناچاہتے ہیں ،طارق فاطمی

اتوار 16 فروری 2014 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف پاک سعودی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جاناچاہتے ہیں اتوار کو یہاں سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر نظاربن عبید مدنی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

معاون خصوصی نے سعودی وزیرمملکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی ترجیح دیتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جاناچاہتے ہیں‘ موجودہ قریبی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہاکہ دونوں ممالک کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے جن کے درمیان باہمی اعتماد اور مفاہمت پرمبنی تعلقات ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں برادرانہ ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر زوردیا اور مختلف شعبوں بالخصوص معیشت ‘ تجارت ‘ سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات میں اضافے پرزوردیا ۔ سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر مدنی نے کہا کہ سعودی ولی عہدکی جانب سے غیرملکی دوروں میں سب سے پہلے پاکستان کومنتخب کیاجانا اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو کتنی اہمیت دیتا ہے ۔

سعودی وزیرخارجہ ‘ نائب وزیر دفاع اور سعودی سیاحت کے چیئرمین کی جانب سے پاکستان کے حالیہ اعلی سطحی دوروں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات صحیح سمت میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدہ ‘ ثقافت اور بھائی چارے میں جڑے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :