وزیر دفاع سے سعودی شہزادہ سلمان کی ملاقات ، دفاعی اہلکاروں کی تربیت کے تبادلے پر اتفاق ،ہمیں دفاعی پیداوار میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں ،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،سعودی ولی عہد کا دورہ دفاعی شعبہ میں تعاون کیلئے راہ ہموار کریگا ،ملاقات میں گفتگو

اتوار 16 فروری 2014 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی اہلکاروں کی تربیت کے تبادلے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں دفاعی پیداوار میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں جبکہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ دفاعی شعبہ میں تعاون کیلئے راہ ہموار کریگا۔سعودی ولی عہد اوروزیردفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کو یہاں پنجاب ہاؤس میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی اور دفاع کے شعبہ میں باہمی تعاون کے امور کا جائزہ لیا ۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ دفاعی شعبہ میں تعاون کیلئے راہ ہموار کرے گا ‘دونوں ممالک نے دفاعی شعبہ میں موجودہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات کے دوران دفاعی تربیت اور تعلیمی شعبہ میں تعاون کے امور کاجائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے پاکستان کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کی انتہائی تعریف کی ۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ سعودی عرب ساری دنیا کے مسلمانوں کیلئے عظیم اہمیت کا حامل ملک ہے ۔

سعودی ولی عہد کا دورہ ہمارے لیے بڑا اہم ہے‘ ہم حرم شریف سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں ‘ سعودی ولی عہد کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جس سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا ۔پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی اہلکاروں کی تربیت کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں دفاعی پیداوار میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں اس طرح ہم اپنے دفاعی آلات خود تیار کرسکتے ہیں اور دفاعی شعبہ میں خودکفالت حاصل کرسکتے ہیں جنھیں مشترکہ طورپر بین الاقوامی مارکیٹ کو بھی فراہم کرسکتے ہیں۔