حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات کا عمل اہم موڑ پر ہے ، جنگ بندی کا معاملہ بھی حل ہونے والا ہے ، پروفیسر ابراہیم ، مذاکراتی عمل میں دونوں فریق اخلاص اور خلوص کا مظاہرہ کررہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 16 فروری 2014 22:17

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات کا عمل اہم موڑ پر ہے، جنگ بندی کا معاملہ بھی جلد حل ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ طالبان کمیٹی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کرنے کی خواہش مند ہے انہوں نے کہاکہ مذاکراتی عمل میں دونوں فریق اخلاص اور خلوص کا مظاہرہ کررہے ہیں تاکہ قوم کو دہشت گردی سے نجات مل سکے پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ تحریک طالبان اپنی ضلعی تنظیموں سے رابطوں میں ہے اور جلد جنگ بندی کا اعلان ہوجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ کراچی اور پشاور میں دہشت گردی کی حالیہ واقعات پر حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کو تشویش ہے۔ پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ کراچی واقعے کے بعد حکومتی کمیٹی نے اپنی جذبات کا اظہار کیا اور ہمیں بھی اس پر افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت جنگ بندی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پرتشدد واقعات سے بچنے اور امن وامان کے قیام کے لیے مذاکرات کی کامیابی انتہائی ضروری ہے، مذاکرات ہر صورت جاری رکھیں گے۔ جنگ بندی کے بارے میں ابھی طالبان شوریٰ کا جواب نہیں آیا۔ اگر کوئی جواب آئے گا تو عوام کے سامنے لائیں گے۔