نوجوانوں کی ترقی کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے ،ملک و قوم کی تقدیر بدلے گی ، شہباز شریف ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں،پنجاب یوتھ فیسٹیول ایک تحریک بن چکا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے 50 ہزار سے زائد مستحق اور ہونہار طلبا و طالبات ملکی اور غیرملکی تعلیمی اداروں میں علم کی پیاس بجھا رہے ہیں،گزشتہ دور میں 2 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ پر دیئے گئے، رواں برس بھی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے،اجلاس سے خطاب،پاکستانی نوجوانو ں نے سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے‘وزیر اعلی کی وزیر کھیل،ڈی جی سپورٹس اورنوجوانوں کو شاباش

اتوار 16 فروری 2014 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔نوجوانوں کو بااختیار بنا کر پاکستان کا مستقبل تابناک بنایا جاسکتا ہے،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں جن کیلئے اربوں روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے 50 ہزار سے زائد مستحق اور ہونہار طلبا و طالبات ملکی اور غیرملکی تعلیمی اداروں میں علم کی پیاس بجھا رہے ہیں۔گزشتہ دور حکومت میں 8ارب روپے سے زائد مالیت کے 2 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ پر دیئے گئے۔ہونہار طلبا و طالبات میں رواں برس بھی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کی پہلی آئی ٹی یونیورسٹی، ای لرننگ پروگرام اور آئی ٹی لیب کے قیام سمیت دیگر اہم اقدامات نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھار رہے ہیں-پنجاب یوتھ فیسٹیول ایک تحریک بن چکا ہے۔پاکستانی نوجوانو ں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ وہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد، ایم این اے حمزہ شہباز، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں انسانی پرچم کا عالمی ریکارڈ بنانے پر وزیر تعلیم رانا مشہود، ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور او ر عالمی ریکارڈ بنانے کے مقابلے میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور انہیں شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی محنت اور نظم و ضبط نے پاکستانی قوم کا نام فخر سے بلند کر دیا ہے، شدید بارش کے باوجود نوجوانوں کے قومی جذبے نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ کوئی بھی رکاوٹ ان کے مقصد کے حصول میں حائل نہیں ہو سکتی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا خوش قسمت ملک ہے جس کی 60فیصد آبادی 15سے 30برس کے نوجوانوں پرمشتمل ہیں۔

نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور نوجوان نسل کو با اختیار بنا کر ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔پنجاب حکومت نوجوانوں کی ترقی ،انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے اور ہنر مند بنانے کے پروگراموں پر خطیر وسائل صرف کررہی ہے ۔بلاشبہ نوجوانوں کے لیے وسائل کی فراہمی ملک کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے ۔پنجاب حکومت نے اپنے گذشتہ5سالہ دور حکومت میں نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے اوروسائل قوم کی امانت سمجھ کر نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ حکومت پنجاب کا ایک مثالی پروگرام ہے جس کے ذریعے مالی مشکلات سے دوچار مستحق اورہونہار طلبا ء و طالبات بڑی تعداد میں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ ہر سال 2۔ارب روپے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے لیے مختص کیے جارہے ہیں،پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا مجموعی حجم 10 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے اور آئندہ 5برس میں تعلیمی فنڈ کا حجم 20۔

ارب روپے تک پہنچ جائے گاجس سے لاکھوں غریب خاندانوں کے ہونہار بچے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں گے۔پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو 12ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جارہا ہے اور انہیں نجی اداروں میں تربیت دلائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہیوتھ فیسٹیول کے ذریعے پاکستانی نوجوانو ں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع مل رہے ہیں۔

نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مستقبل میں بھی پنجاب یوتھ فیسٹیول جیسے پروگرام جاری رہیں گے۔میرا پختہ یقین ہے کہ یوتھ فیسٹیول 2014ء کے دوران پاکستانی نوجوان مزید عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اورانہیں اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے کے لیے اپنائی گئی حکمت عملی کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اورملک و قوم کی تقدیر بدلے گی۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی فلا ح وبہبود کے لیے جو پروگرام شروع کیے ہیں ان کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ہم نوجوانوں کو با اختیار بنا کر انہیں ان کا حق لوٹا رہے ہیں۔