پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 354 واں اجلاس ،نئے طیاروں کے حصول سے قبل یورپی یونین سیفٹی ایجنسی سے مارچ کے آخر تک سیفٹی سرٹیفکیٹ کی تجدید کرانے کا فیصلہ

اتوار 16 فروری 2014 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 354 واں اجلاس نئے طیاروں کے حصول سے قبل یورپی یونین سیفٹی ایجنسی سے مارچ کے آخر تک سیفٹی سرٹیفکیٹ کی تجدید کرانے کا فیصلہ جنرل سیلز ایجنٹس کی تقرری بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے مشروط کر دی گئی ہے۔ اس کا فیصلہ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 354 ویں اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت سیکریٹری ایوی ایشن اور چیئر مین پی آئی اے محمد علی گردیزی نے کی جبکہ اسلم خالق، اعظم سہگل، غیاث الدین احمد، عاطف باجوہ، ملک نذیر احمد، یوسف وقار اور مینیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیاکہ نئے طیاروں کے لیز پر حصول سے پہلے یورپی یونین سیفٹی ایجنسی سے مارچ 2014 کے آخر تک سیفٹی سرٹیفکیٹ کی تجدید کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایر لائن کے آپریشن کو یورپی ممالک میں جاری رکھنے کیلئے اس سرٹیفکیٹ کا حصول انتہائی ضروری ہے، کیونکہ دوسری صورت میں طیاروں کو انسپیکشن اور مینٹینس کیلئے بیرون ملک بجھوانا پڑتا ہے جس پر اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں اور یہ مالی طور پر ایئر لائن کیلئے ممکن نہیں ۔ اس سرٹیفکیٹ کے حصول سے پہلے سول ایوی ایشن اتھارٹی اپنی انسپیکشن کرتی ہے۔

بورڈ نے ATR طیاروں کی ٹریننگ کیلئے سیمولیٹر خریدنے کی بھی منظوری دے دی جس سے پائلٹس کی ٹریننگ پر ہونے والے بھاری اخراجات کا خاتمہ ہو گا اور اس سے دوسری ایئر لائنوں کے پائلٹس کی ٹریننگ کے ذریعے ریونیو کا حصول بھی ممکن ہو گا۔ ایئر لائن کے کاروباری معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ جنرل سیلز ایجنٹس کا تقرر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد ہو گا۔

وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق بورڈ نے ایئر لائن کے آپریشن کو وسعت دینے کیلئے مشہد(ایران) کیلئے پروازیں شروع کرنے کی بھی منظوری دی ۔ 25 فروری سے لاہور سے براستہ کوئٹہ مشہد کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے بورڈ کوپی آئی اے کی بحالی کیلئے مرتب کئے گئے پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس سے پہلے شجاعت عظیم نے کراچی ایئر پورٹ پر دوسری ایئر لائنوں کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :