کراچی ، قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے ٹارگیٹڈآپریشن ، پانچ ملزمان ہلاک ،ایک اہلکار زخمی ،کالعدم تنظیم کے ارکان اور غیر ملکیوں سمیت 18 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیا ۔ اپ ڈیٹ

اتوار 16 فروری 2014 15:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیئے ٹارگیٹڈآپریشن جاری ،قانون نافذکرنے والے اداروں اور دہشت گرودوں کے درمیان دومختلف مقابلوں کے دوران 5ملزمان ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ اتحادٹاؤن میںآ پریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ارکان اور غیر ملکیوں سمیت 18 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرزسندھ نے اتحادٹاؤن میں کالعدم تنظیم کے ارکان اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر اتوار کی علی الصبح ٹارگیٹڈآپریشن کیا۔آپریشن میں رینجرز کے 1000جوانوں نے شرکت کی۔آپریشن میں رینجرز کی خواتین اہلکار،انسداد دہشت گردی ونگ کے کمانڈوز، جاسوسی کتوں، موٹر سائیکل سوار دستوں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران پورے علاقے کی ناکہ بندی کی گئی اور کسی بھی شخص کو علاقے میں داخل ہونے یا گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔

دوران آپریشن 18ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ مقابلے میں تین دہشت گردمقابلے میں ہلاک ہوگئے،ہلاک دہشت گردوں کی لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق اتحاد ٹان کے علاقے محمد خان کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہو گیا۔

رینجرز کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد حب ریور روڈ کی جانب فرار ہو گئے جہاں ملزمان اور رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔۔ مقابلے میں مبینہ طور پر3ملزمان مارے گئے۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق دوران آپریشن 18ملزمان بھی حراست میں لئے گئے ،ملزمان میں کالعدم تنظیم کے ارکان اور بعض غیرملکی بھی شامل ہیں جن کے پاس کسی بھی قسم کے قانونی دستاویزات نہیں تھے۔

اس کے علاوہ کلاشنکوف، ریپیٹر اور ٹی ٹی پستول سمیت 48 اقسام کے مختلف ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ادھرکراچی کے علاقے سپرہائی وے پر چاول گودام کے قریب اتوارکی رات گئے رینجرز اور پولیس کے مشترکہ مقابلے میں 2 ملزمان مارے گئے۔ سپرہائی وے پر افغان بستی سے متصل چاول گودام کے قریب گزشتہ روز رینجرز افسر پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے لئے رینجرز نے چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوااور رینجرز موبائل پر بھی فائرنگ کی گئی، ترجمان رینجرز کے مطابق مقابلے کے دوران 2 ملزمان مارے گئے ہیں،ملزمان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینیڈ اور 2 کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ترجمان رینجرز نے دعوی کیا ہے کہ ملزمان حلیے سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے دہشت گرد نظر آتے ہیں،انہوں نے رینجرز پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر مارے گئے۔

متعلقہ عنوان :