امن کیلئے حکومت ‘ فوج، دینی ، سیاسی جماعتوں ،میڈیا اور دانشوروں کو مل کر کوشش کرنی پڑے گی‘لیاقت بلوچ، طالبا ن اور حکومتی مذاکرات کیلئے مضبوط اعصاب اور بڑا عزم چاہئے تاکہ ہم دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنا کر پاکستان کو مضبوط کریں‘سکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 16 فروری 2014 13:01

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امن پاکستان کے لئے ضروری ہے ۔ امن کیلئے حکومت ‘ فوج، دینی ، سیاسی جماعتوں ،میڈیا اور دانشوروں کو مل کر کوشش کرنی پڑے گی کیونکہ اس وقت پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں اپنا شیطانی کھیل کھیل رہی ہیں۔ اور پاکستان میں ان کو” آلہ کار “بھی میسر ہیں۔

”این این آئی“ سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ طالبا ن اور حکومتی مذاکرات کے لئے مضبوط اعصاب اور بڑا عزم چاہئے تا کہ ہم دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنا کر پاکستان کو مضبوط کریں۔ 12سال فوجی آپریشن طاقت کے استعمال رد عمل سے شدت پسندی اور انتہا پسندی بڑھی ہے اور پاکستان کو 50ہزار فوجی اور سولین شہیدوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے اور100ارب ڈالر کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

یہ نقصانات مزید بڑھتے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فی الفور ملک میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کریں۔ بلدیاتی انتخابات کا اعلان نہ کر کے عوام کو جمہوری حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انتخابات کا اعلان نہ کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف قومی مجرم ہیں ۔

انہوں نے فوجی آمریت کے ذریعے پاکستان کو دنیا میں بدنام کیا ہے ۔ اب ان کا مقدمہ عدالت میں ہے اور وہ اپنے دباوٴ کے ذریعے فوج کو مزید بدنام کر رہے ہیں ۔ ان کو عدالت میں پیش ہو کر اپنے مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے اور عدالت کو اپنا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کرنا چاہیے۔ جبکہ حکومت کوکسی دباوٴکے سامنے سرنڈر نہیں کرنا چاہیے۔