پنجاب کے متعدد علاقوں میں موسلادھاربارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ،ٹریفک حادثات میں 8ہلاک،شدید بارش کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ، کئی بجلی بھی بند رہی،ٹریفک کا نظام بھی معطل ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں ۔ اپ ڈیٹ

ہفتہ 15 فروری 2014 21:04

لاہور/شور کوٹ/ڈی جی خان/فیصل آباد/گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 فروری ۔2014ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونیوالی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ،جبکہ مختلف ٹریفک حادثات میں 8افراد جاں بحق جبکہ متعدزخمی ہو گئے،شدید بارش سے کئی مقامات پر بجلی کا نظام بھی متاثر رہا جبکہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے معمولات زندگی بھی بری طرح متاثر ہوئے ۔

۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے متعدد شہروں میں جمعہ کے روز شروع ہونیوالی بارش کا سلسلہ ہفتہ کے روز بھی جاری رہا ۔ کئی مقامات پر ہلکی جبکہ مختلف مقامات پر بادل جھم کر برسے اور ژالہ باری بھی ہوئی جسکے نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا بلکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے ۔

(جاری ہے)

بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا ۔شدید بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا تاہم واپڈا ملازمین نے کئی گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد اسے درست کر لیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژنز میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بارش کا امکان ہے ۔دوسری طرف پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ زخمی ہو گئے۔ شور کوٹ کینٹ ٹوبہ روڈ پر سکول کالج وین کو پیش آنے والے حادثے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ20 طالبات زخمی ہوگئیں۔ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا جس میں طالبات وین روڈ پر کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی ۔

زخمی طالبات کو قریبی پرائیویٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان کے قریب انڈس ہائی وے پر قمبر پل پر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور کار روائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مسافر کوچ کراچی سے بنوں جا رہی تھی۔

فیصل آباد کے قریب لاٹھیاں والا شیخوپورہ روڈ پر ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں بھی اوٹاوا کے مقام پر کار اور ٹرالر میں تصادم سے کار میں سوار 2افراد جاں بحق اورتین زخمی ہو گئے۔ چنیوٹ میں جھنگ روڈ پر وین تیز رفتاری کے باعث ٹرالر سے جا ٹکرائی،حادثے میں 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :