سوائے ایم کیوایم کے کسی اور کیخلاف آپریشن نہیں کیا جارہا،حیدر عباس رضوی

ہفتہ 15 فروری 2014 19:31

سوائے ایم کیوایم کے کسی اور کیخلاف آپریشن نہیں کیا جارہا،حیدر عباس ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ سوائے ایم کیوایم کے کسی اور کے خلاف آپریشن نہیں کیا جارہا،روزانہ انسانیت سوز تشدد کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدرعباس رضوی نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کا فیصلہ تھا کہ رینجرز اور پولیس کراچی میں آپریشن کرے گی تو سب سے پہلے ایم کیوایم نے کہا کہ کراچی میں آپریشن ہونا چاہیے، ایم کیوایم نے فوج سے آپریشن کرنے کا کہا تھا۔

حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ گینگ وار کے دہشت گردوں نے دکان پر بیٹھے ایم کیو ایم کے کارکن سلامت علی کو شہید کر دیا، رینجرز اور پولیس کا کراچی میں دہشت گردوں، کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن ایم کیو ایم کے کارکنان بالخصوص مہاجر عوام کے خلاف آگے بڑھتا چلاجارہا ہے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اور زیرحراست ان پر انسانیت سوز تشدد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

حیدر عباس رضوی نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے ہمدرد محمد عارف کو جمعرات کو سائٹ ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا، آج ان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، محمد عارف کے لاپتا ہونے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی مگر سماعت ہونے سے پہلے ہی ان کی لاش مل گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہ راستہ استعمال نہیں کریں گے جو نام نہاد سندھی قوم پرستوں اور بلوچستان کے کچھ لوگوں نے کیا اختیار کیا۔